متحدہ مدارس کونسل پاکستان کا مولانا فضل الرحمن کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق بیانات سے اظہارِ لاتعلقی

ملک کے نظریے کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ہورہی ہیں، پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتا ہوں؛ فضل الرحمان
متحدہ مدارس کونسل پاکستان نے مولانا فضل الرحمن کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق بیانات سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کا مؤقف ان کی جماعت کا ذاتی اور سیاسی نقطۂ نظر ہے۔
متحدہ مدارس کونسل کے ترجمان ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری نے کہا کہ دینی وفاق، مدارس اور متحدہ مدارس کونسل مولانا فضل الرحمن کے بیانات کی نمائندگی نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء اور غازی قوم کے ہیرو اور ملک کے لیے باعثِ فخر ہیں، جبکہ شہداء کی قربانیوں کے خلاف کسی بھی قسم کا منفی بیانیہ ناقابلِ قبول ہے۔
ترجمان کے مطابق دینی مدارس، مساجد، علماء اور طلبہ کا ریاست مخالف سرگرمیوں یا قومی اداروں کے خلاف کسی بھی مہم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
متحدہ مدارس کونسل نے کہا کہ مدارس، مساجد اور علماء کے نام کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا حقیقت کے منافی اور ناانصافی ہے۔
ڈاکٹر میر محمد آصف اکبر قادری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دینی مدارس ہمیشہ نظریاتی، فکری اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے مراکز رہے ہیں اور تمام دینی وفاق، تعلیمی بورڈز اور مدارس پاک فوج، سلامتی کے اداروں، شہداء اور غازیوں کو احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاک فوج، شہداء اور غازیوں کے خلاف کسی بھی مہم یا بیان کی حمایت نہیں کی جاتی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









