جمعرات، 23-جولائی،2026
بدھ 1448/02/08هـ (22-07-2026م)

جماعت اسلامی کا 7 اگست کو ملک بھر کی شاہراہیں بند کرنے کا اعلان

21 جولائی, 2026 15:19

جماعتِ اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف 7 اگست 2026 کو ملک گیر شاہراہیں بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

جماعتِ اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جنگ کا بہانہ بنا کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پیٹرول پر عائد ناجائز لیوی ٹیکس ختم کر دے تو اس کی قیمت 250 روپے فی لیٹر تک آ سکتی ہے۔ پہلے ماہانہ، پھر ہفتہ وار اور اب روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول مہنگا کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیوی کے نام پر جمع کیے جانے والے 1800 ارب روپے ایک قسم کا حکومتی بھتہ اور معاشی دہشت گردی ہے، جسے عوام قبول نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں : جماعت اسلامی کے مقامی رہنما حاجی نقیب اللہ قاتلانہ حملے میں جاں بحق

حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ جماعتِ اسلامی مہنگائی اور مافیا کے خلاف نئے سرے سے تحریک کا آغاز کر رہی ہے اور 7 اگست 2026 کو پورے پاکستان کی اہم شاہراہوں کو بند کیا جائے گا، جس میں صرف ایمبولینسز کو گزرنے کا راستہ دیا جائے گا۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 7 اگست کو اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں۔ اگر حکومت نے پرامن احتجاج کو روکنے کے لیے منفی ہتھکنڈے استعمال کیے تو یہ تحریک حکومت گرانے میں تبدیل ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں غربت کا تناسب 41 فیصد تک پہنچ چکا ہے، لیکن وزیراعلیٰ مریم نواز کے لیے 11 ارب روپے کا جہاز خریدا گیا اور 11 ہزار اسکول فروخت کر دیے گئے، جبکہ بیوروکریسی اور اسمبلی اراکین نے اپنی مراعات اور تنخواہوں میں 300 فیصد اضافہ کر لیا ہے۔

انہوں نے آئی پی پیز معاہدوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 24 ہزار میگاواٹ بجلی کی صلاحیت کے باوجود ملک میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے اور بند بجلی کے بھی پیسے عوام سے وصول کیے جا رہے ہیں۔

بلوچستان، آزاد کشمیر اور بنوں کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے طاقت کا استعمال روک کر مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا اور جلد ایک گریٹر قومی کانفرنس بلانے کا اعلان کیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔