جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

پنجاب میں تین ہفتوں میں 4 لاکھ 64 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری

22 جولائی, 2026 10:58

پنجاب میں شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت فراہم کرنے کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

 ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کی ہدایت پر صوبے بھر میں نئے لائسنس، لرننگ پرمٹ، ریگولر لائسنس اور لائسنس کی تجدید کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 4 لاکھ 64 ہزار سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ایک لاکھ 65 ہزار سے زیادہ شہریوں نے نئے لرننگ لائسنس حاصل کیے۔ جبکہ ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد افراد کو ریگولر ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ 56 ہزار سے زیادہ شہریوں نے اپنے لرننگ، ریگولر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید بھی کروائی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق گمشدہ ڈرائیونگ لائسنس کے دوبارہ اجرا کی سہولت بھی شہریوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد کو ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ اسی عرصے میں ڈھائی ہزار سے زیادہ شہریوں کو انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ بھی فراہم کیے گئے۔

حکام کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آن لائن سہولیات سے فائدہ اٹھانے والے شہریوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ 91 ہزار سے زائد افراد نے آن لائن لائسنسنگ سروسز استعمال کیں۔ جبکہ 2 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ شہریوں نے اپنا ای ڈرائیونگ لائسنس آن لائن ڈاؤن لوڈ کیا۔

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی یا موٹر سائیکل چلانا قانوناً جرم ہے۔ ایسے افراد کے خلاف صوبے بھر میں کارروائی جاری ہے۔ بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کو جرمانے کے ساتھ دیگر قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری ڈرائیونگ سیکھنے کے بعد باقاعدہ لائسنس حاصل کریں اور ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔ ڈرائیونگ کی مناسب تربیت اور قوانین کی پابندی سے سڑکوں پر حادثات کے خطرات کم کیے جا سکتے ہیں۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو محفوظ ڈرائیونگ کی ترغیب بھی دی جا رہی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔