محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کردی

Thunderstorms, Rain Forecast Across Country
محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا موجودہ اسپیل 24 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں کہیں وقفے وقفے سے بارش ہوگی تو بعض علاقوں میں تیز بارش بھی متوقع ہے۔ بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی آنے اور موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
لاہور میں گزشتہ دو روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے باعث شہر میں گرمی کی شدت کم ہوگئی ہے اور حبس میں بھی واضح کمی محسوس کی جا رہی ہے۔ آج بھی لاہور میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری جبکہ کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ تقریباً 13 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر میں دن کے مختلف اوقات میں وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو دنوں کی بارش کے بعد اسلام آباد کے موسم میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ صبح کے وقت درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ دن کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد میں ہوا میں نمی کا تناسب 96 فیصد سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں تقریباً 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ دارالحکومت میں بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو سے تین روز تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔
کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بارش کے بعد ان علاقوں میں موسم مزید ٹھنڈا اور خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔ تاہم پہاڑی علاقوں میں بارش کے دوران سفر کرنے والے افراد کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی بھی ہوسکتی ہے۔ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 28.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
شہر قائد میں جنوب مغرب کی سمت سے تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی صورتحال بھی فی الحال تسلی بخش ہے۔ شہر میں آلودہ ذرات کی مقدار 100 پارٹیکیولیٹ میٹرز سے کم ریکارڈ کی گئی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








