کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ، ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں ملوث 3 ملزمان ہلاک

کراچی میں پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ڈاکٹر آکاش کے قتل میں ملوث زیر تفتیش 3 ملزمان سریش، رام چند اور انیل زخمی ہو کر ہلاک ہو گئے۔
کراچی کے علاقے گلشن معمار کی حدود احمد بروہی گوٹھ کے قریب ایس آئی یو اور سی آئی اے کی پولیس ٹیم نے زیر تفتیش ملزمان کی نشاندہی پر ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا۔
پولیس کے مطابق پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی وہاں موجود ملزمان کے ساتھیوں نے شدید فائرنگ کر دی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔
فائرنگ کے اس تبادلے کے دوران زیر تفتیش 3 ملزمان سریش، رام چند اور انیل اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ اور جوابی کارروائی کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئے جبکہ فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ سندھ کا کراچی میں موبائل فون چھیننے کے بڑھتے واقعات پر اظہار تشویش
شدید زخمی ہونے والے تینوں ملزمان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ایس آئی یو پولیس کے مطابق مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے یہ تینوں ملزمان اوڈھ قبیلے سے تعلق رکھتے تھے اور ڈاکٹر آکاش کے قتل میں براہ راست ملوث تھے۔
ملزمان نے کلفٹن کے علاقے میں رقم چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے ڈاکٹر آکاش کو قتل کیا تھا اور ان کی گرفتاری کا اعلان ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے پریس کانفرنس میں کیا تھا۔ پولیس نے ہلاک ملزمان کے دیگر فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں تلاش شروع کر دی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










