جمعرات، 23-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

مستونگ میں قومی شاہراہ پر مسلح افراد کا حملہ، سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ شہید

23 جولائی, 2026 14:37

مسلح افراد نے کوئٹہ سے مستونگ آنے والی ججز کی گاڑی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ شہید ہو گئے۔

بلوچستان کے ضلع مستونگ میں قومی شاہراہ این 25 پر نامعلوم مسلح افراد نے کوئٹہ سے مستونگ آنے والے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ کی گاڑی پر انھادھند فائرنگ کر دی۔

ڈپٹی کمشنر مستونگ سلیم بہرام اور ایس ایچ او کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ اور ان کے گن مین محمد زمان موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ ان کے ساتھ موجود ایڈیشنل سیشن جج طارق لاشاری سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں : سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں مزید 10 دہشت گرد ہلاک کردیئے، 2 خودکش حملہ آور خواتین بھی گرفتار

تمام زخمیوں اور لاشوں کو پہلے مستونگ کے نواب غوث بخش اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے ڈی پی او کی سرپرستی میں انہیں کوئٹہ روانہ کر دیا گیا۔

حکومتِ بلوچستان نے مستونگ میں سیشن جج پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حملے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر حملہ اصل میں ریاست کی رٹ پر حملہ ہے اور قانون کے ان محافظوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی رعایت نہیں رکھی جائے گی، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کو کچل دیا جائے گا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کا پورا نیٹ ورک جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔