سندھ حکومت کا بنجر زمینوں کی بحالی کے لیے بائیوچار منصوبہ متعارف کرانے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے رجسٹرڈ ساڑھے تین لاکھ کسانوں کو بائیو چار منصوبے سے منسلک کر کے بنجر زرعی زمینوں کو بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ زراعت سندھ نے بینظیر ہاری کارڈ کے تحت رجسٹرڈ 3 لاکھ 50 ہزار کسانوں تک بائیوچار منصوبہ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا جام خان شورو، ذوالفقار شاہ، سیکریٹری زراعت محمد زمان ناریجو، سندھ آبادگار بورڈ کے صدر محمود نواز شاہ اور انڈس بائیوچار و لینڈ آئی کیو کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبے کی بنجر اور متاثرہ زرعی زمینوں کی بحالی کے لیے بائیوچار کے استعمال پر تفصیلی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ میں 15 ہزار اساتذہ نے قبل از وقت ریٹائرمنٹ مانگ لی، صوبائی حکومت مالی بحران کا شکار
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ بائیوچار سے زمین کی زرخیزی، نامیاتی مادے اور پانی کو محفوظ رکھنے کی صلاحیت میں اضافہ ممکن ہے۔
وزیر زراعت سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ بائیوچار شدید گرمی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے فصلوں کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے اور اس سے کیمیائی کھادوں پر انحصار کم کر کے پیداوار بڑھائی جا سکتی ہے۔
وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زرعی نظام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ لینڈ آئی کیو اور انڈس بائیوچار نے سمندری کھارے پانی کو روکنے اور زیر زمین پانی کی بحالی سے متعلق تکنیکی تجاویز پیش کیں، جس کے بعد تکنیکی مشاورت اور باہمی تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











