جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

محکمہ موسمیات نے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی

24 جولائی, 2026 09:55

محکمہ موسمیات نے سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ بارش کے پانی سے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، مری، گلیات، شمال مشرقی پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں صورتحال متاثر ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان کے مقامی و برساتی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر سے بھی اجتناب کریں۔

شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، نوشہرہ، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔ متعلقہ انتظامیہ کو صورتحال پر نظر رکھنے اور نکاسی آب کے انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب سندھ میں بھی 25 جولائی تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ نے صوبے کے 23 اضلاع کے لیے موسمیاتی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ سلمان شاہ کے مطابق حیدرآباد، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، لاڑکانہ اور خیرپور سمیت کئی اضلاع میں بارش متوقع ہے۔ ٹنڈوالہیار، مٹیاری، جامشورو اور شہید بینظیرآباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق گھوٹکی، کشمور، جیکب آباد، شکارپور، سکھر، لاڑکانہ اور ٹھٹھہ میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں اور دیگر ڈھانچوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ شہریوں کو بارش کے دوران کھلے مقامات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

سلمان شاہ نے کراچی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو مون سون بارشوں کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کے مطابق ممکنہ بارشوں سے نمٹنے کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس، ریسپانس گاڑیاں اور ضروری مشینری تیار رکھی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں کی بھی نشاندہی مکمل کر لی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امدادی کارروائیاں فوری شروع کی جا سکیں۔

پی ڈی ایم اے سندھ کے مطابق کراچی کے لیے 10، حیدرآباد اور میرپورخاص کے لیے 25، جبکہ سکھر اور لاڑکانہ کے لیے 15 ریسپانس گاڑیاں تیار رکھی گئی ہیں۔ کراچی میں ڈی واٹرنگ گاڑیاں ضرورت کے مطابق مختلف علاقوں میں پہنچائی جائیں گی۔ ان گاڑیوں کے ساتھ تکنیکی عملہ بھی موجود ہوگا تاکہ بارش کے پانی کی نکاسی کا عمل جلد مکمل کیا جا سکے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سندھ نے بتایا کہ صورتحال کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے۔ کراچی سمیت صوبے کے تمام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور اداروں سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔