ایف آئی اے نے کرپٹو کرنسی کے مجرمانہ استعمال کو روکنے کیلئے سیل قائم کر دیا

ایف آئی اے نے ورچوئل کرنسی اور بلاک چین کے مجرمانہ استعمال کو روکنے کے لیے ورچوئل کرنسی انویسٹی گیشن سیل قائم کر دیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ورچوئل کرنسی کے ذریعے کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے ایک بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ورچوئل کرنسی انویسٹی گیشن سیل قائم کر دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کی منظوری سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ خصوصاً قائم کیا گیا یونٹ کرپٹو کرنسی اور بلاک چین کے مجرمانہ استعمال کو روکنے کے لیے کام کرے گا۔
اس سیل کے تحت ایک نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بنایا جائے گا، جہاں نیب، پولیس، ایف بی آر، نیکٹا اور دیگر قومی و صوبائی ادارے باہمی تعاون فراہم کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : بنوں سے فتنہ الخوارج کا سہولت کار مفتی ظفریاب گرفتار، بھتہ خوری کیلئے غیر شرعی فتوؤں کا انکشاف
اس نئے فریم ورک کے تحت منی لانڈرنگ، دہشت گردوں کی فنڈنگ، سائبر کرائمز اور ڈیجیٹل اثاثوں کے ذریعے ہونے والے مالیاتی فراڈ کی تحقیقات ایک ہی جگہ پر کی جائیں گی۔
یہ سیل مشکوک کرپٹو، بلاک چین ٹرانزیکشنز اور کولڈ والٹس کا فرانزک معائنہ کرے گا اور مجرمانہ نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی اور عالمی طریقہ کار اپنائے گا۔
پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی مارکیٹ کو ریگولیٹ کرے گی، جس کے تحت صرف لائسنس یافتہ کرپٹو سروس پرووائیڈرز کو ہی بینکنگ سسٹم تک رسائی دی جائے گی، جبکہ غیر قانونی اور غیر دستاویزی کرپٹو ٹریڈنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یہ تمام تر اقدامات نیشنل ایکشن پلان اور ایف اے ٹی ایف کی سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








