منگل، 28-جولائی،2026
منگل 1448/02/14هـ (28-07-2026م)

پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ اسکیم: 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک بلاسود قرضہ حاصل کرنے کا طریقہ

28 جولائی, 2026 09:03

لاہور: حکومت پنجاب نے مویشی پالنے والے افراد کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب لائیو اسٹاک کارڈ اسکیم کے تیسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت اہل فارمرز کو 5 لاکھ 40 ہزار روپے تک بلاسود قرضہ فراہم کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اس اسکیم کا مقصد صوبے میں مویشی پال حضرات کی معاشی مدد کرنا، دودھ اور گوشت کی پیداوار میں اضافہ کرنا اور لائیو اسٹاک شعبے کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

اس منصوبے کے تحت اہل مویشی پال فارمرز کو رجسٹرڈ ڈیلرز سے جانوروں کی خوراک، سائلج، منرل مکسچر اور دیگر منظور شدہ غذائی مصنوعات خریدنے کے لیے آسان شرائط پر بلاسود مالی معاونت دی جا رہی ہے۔

حکومت پنجاب کے مطابق اسکیم کے تیسرے مرحلے میں کارڈ ہولڈرز کو منظور شدہ قرضے کی مجموعی رقم میں سے 25 فیصد تک نقد رقم حاصل کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے، تاکہ وہ اپنی دیگر ضروریات پوری کر سکیں۔

لائیو اسٹاک کارڈ اسکیم کے لیے اہلیت

اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کا پنجاب کا رہائشی ہونا ضروری ہے۔

اہلیت کے لیے درج ذیل شرائط مقرر کی گئی ہیں:

  • درخواست گزار کے پاس کم از کم 5 اور زیادہ سے زیادہ 20 اہل بچھڑے یا بھینس کے کٹے ہونے چاہئیں۔
  • امیدوار کے پاس اپنا شناختی کارڈ موجود ہونا چاہیے۔
  • درخواست گزار کے نام پر رجسٹرڈ فعال موبائل نمبر ہونا لازمی ہے۔
  • جانوروں کا لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہونا ضروری ہے۔

درخواست دینے کا طریقہ کار

لائیو اسٹاک کارڈ اسکیم کے تیسرے مرحلے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز 15 جولائی 2026 سے ہو چکا ہے۔

دلچسپی رکھنے والے فارمرز آن لائن درخواست جمع کرانے کے لیے سرکاری ویب سائٹ plc.punjab.gov.pk پر جا سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ مویشی پال حضرات اپنے قریبی سرکاری ویٹرنری اسپتال یا لائیو اسٹاک ڈیپارٹمنٹ کے سہولت مرکز سے بھی رجسٹریشن اور درخواست کے عمل میں مدد حاصل کر سکتے ہیں۔

حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ اس اسکیم سے مویشی پال افراد کو معاشی سہولت ملے گی جبکہ صوبے میں دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے میں بھی مدد حاصل ہوگی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔