جمعرات، 30-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/16هـ (30-07-2026م)

اگست میں چھٹیوں کی بھرمار؛ ملازمین اور طلبہ کیلئے بڑی خوشخبری

30 جولائی, 2026 11:48

پاکستان میں اگست 2026 سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین اور طلبہ کے لیے چھٹیوں کے حوالے سے اہم مہینہ ثابت ہونے جا رہا ہے۔

2026 کے کیلنڈر کے مطابق اگست میں دو وفاقی عام تعطیلات متوقع ہیں۔ اس کے علاوہ ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار چھٹیاں بھی جاری رہیں گی۔ چونکہ اگست میں پانچ ہفتے شامل ہیں، اس لیے ہفتہ اور اتوار پانچ، پانچ مرتبہ آئیں گے۔ یوں ہفتہ وار تعطیلات کی مجموعی تعداد 10 بنتی ہے۔

جن سرکاری اور نجی اداروں میں ہفتہ اور اتوار دونوں دن چھٹی ہوتی ہے، وہاں ملازمین کو ہفتہ وار تعطیلات کے ساتھ دو سرکاری چھٹیاں بھی ملیں گی۔ اس حساب سے ایسے ملازمین کو اگست میں مجموعی طور پر 12 تعطیلات میسر آنے کا امکان ہے۔ تاہم مختلف اداروں میں ہفتہ وار چھٹی کا شیڈول الگ ہونے کی وجہ سے تعطیلات کی تعداد مختلف بھی ہوسکتی ہے۔

اگست کی پہلی بڑی تعطیل 14 اگست کو یومِ آزادی کے موقع پر ہوگی۔ رواں سال 14 اگست جمعے کے روز آرہی ہے۔ اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی چھٹیاں ہوں گی۔ اس طرح ہفتہ وار تعطیل والے اداروں کے ملازمین اور طلبہ کو 14، 15 اور 16 اگست کو مسلسل تین دن کی چھٹی مل سکتی ہے۔

اگست میں دوسری عام تعطیل عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر متوقع ہے۔ موجودہ قمری حساب کے مطابق یہ تعطیل 25 اگست کے آس پاس ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم اسلامی تاریخیں چاند کی رویت سے طے ہوتی ہیں، اس لیے حتمی تاریخ میں ایک دن کا فرق ہوسکتا ہے۔

قمری تاریخ کے حساب سے اگر یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوا تو 12 ربیع الاول 26 اگست کو بنے گا۔ اس صورت میں عید میلاد النبیﷺ کی عام تعطیل بدھ کے روز ہوگی۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اعلان کے بعد ہی واضح ہوگا۔

حکومت کی جانب سے سرکاری تعطیلات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ہی تمام تاریخیں حتمی تصور کی جائیں گی۔ اس لیے ملازمین، طلبہ اور والدین کو چاہیے کہ چھٹیوں کا حتمی شیڈول بنانے سے پہلے متعلقہ ادارے یا حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری اعلان ضرور دیکھیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔