جمعہ، 31-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/17هـ (31-07-2026م)

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 5 روز میں صاف پانی کی فراہمی کا فول پروف پلان طلب کرلیا

31 جولائی, 2026 13:00

وزیر اعلیٰ پنجاب نے صاف پانی کی فراہمی کا 5 روز میں فول پروف پلان طلب کرتے ہوئے صاف پانی اتھارٹی کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ فعال کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بڑا حکم دیتے ہوئے 5 روز کے اندر مکمل اور فول پروف پلان طلب کر لیا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب پروگرام کی طرز پر پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو جدید خطوط پر اپ گریڈ اور ری اسٹرکچر کیا جائے تاکہ صوبے کے ہر شہری کو صاف پانی میسر آ سکے۔

وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کو تکنیکی اور انتظامی لحاظ سے مکمل بااختیار بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے بلین ٹری منصوبے میں کروڑوں کے مشکوک اخراجات اور غیر مجاز ادائیگیاں، آڈٹ رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش

ادارے کو جدید ٹیکنالوجی، ہیومن ریسورس اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی، جبکہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے اور جاپانی و چینی ٹیکنالوجی متعارف کروائی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ علاقوں کی ضرورت کے مطابق فلٹریشن اور آر او پلانٹس نصب کیے جائیں گے اور صوبے کے تمام 5 ہزار 734 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت و نگہداشت کو یقینی بنایا جائے گا۔

شفافیت قائم رکھنے کے لیے تمام پلانٹس اور ٹرکوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور ہر پلانٹ پر آئی ڈی، آپریٹر کا نام، فون نمبر اور اوقات کار درج ہوں گے۔

دور دراز علاقوں کے لیے موبائل بوٹلنگ پلانٹس کے ذریعے پانی کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے، جس سے روزانہ 2 ہزار 400 سے زائد خاندان مستفید ہو رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ ان کے دل کے بے حد قریب ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔