جمعہ، 31-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/17هـ (31-07-2026م)

کوئٹہ کوئلہ کان حادثے میں جاں بحق کان کنوں کی تعداد 34 ہو گئی

31 جولائی, 2026 09:01

کوئٹہ میں کوئلہ کان کے حادثے میں جاں بحق کان کنوں کی تعداد 34 ہو گئی ہے، جبکہ دیگر پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، وزیر اعلیٰ نے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے سورینج کے مقامی کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھر جانے سے دھماکہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں  کوئلہ کان مکمل بیٹھ گئی۔ کوئلہ کان میں اچانک حادثہ پیش آیا، جس کے بعد پی ڈی ایم اے اور ریسکیو اداروں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کی لاشیں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 34 کان کنوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں تاکہ کان میں پھنسے دیگر افراد کو جلد از جلد باہر نکالا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے 10 افراد جاں بحق، 6 زخمی

حکام کے مطابق جاں بحق مزدوروں میں زیادہ تر کا تعلق خیبرپختونخواہ کے مخلتف اضلاع سے ہے۔ 18گھنٹوں سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

صوبائی وزیر میر شعیب نوشیروانی کے مطابق حکومت بلوچستان اس ریسکیو آپریشن کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کر رہی ہے اور امدادی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس حادثے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جائیں گی اور صوبے بھر میں کان کنی کے شعبے میں حفاظتی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ اگر تحقیقات میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ تمام کوئلہ کانوں میں حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔