خیبرپختونخوا میں آپریشن 11 گرج کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری، متعدد خوارج ہلاک

باجوڑ سمیت مختلف علاقوں میں آپریشن 11 گرج کے تحت سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں، جن میں متعدد خوارج ہلاک اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے۔
خیبرپختونخوا میں گزشتہ 2 ماہ کے دوران سیکیورٹی فورسز نے آپریشن 11 گرج کے تحت موثر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان آپریشنز میں سیکیورٹی فورسز نے متعدد خوارج کو جہنم واصل کیا اور ان کے قائم کردہ ٹھکانوں کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا۔
کارروائیوں کے دوران فورسز نے خوارج کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری، مزید 4 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی
باجوڑ کے علاقے شاکرو میں ایک خاص انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو انتہائی موثر انداز میں نشانہ بنایا۔
اس کامیاب آپریشن میں متعدد خوارج کے ہلاک اور زخمی ہونے کی تصدیق شدہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی فورسز نے آپریشن 11 گرج کے دوران خوارج کے زیر استعمال مختلف دیسی ساختہ بموں کو بھی موقع پر ہی تباہ کر دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینی افواج اور کوواڈ کاپٹر ڈرونز کی مدد سے کی جانے والی ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گردوں کو مقامی آبادی کا سہارا لینے سے روکنا اور انہیں وہاں سے بھاگنے پر مجبور کرنا ہے۔
کارروائیوں کے دوران اس اہم بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ عام عوام کے جان و مال کا مکمل تحفظ رہے اور مقامی آبادی کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔
سیکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک یہ بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








