پنجاب ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنسنگ نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنادیا

Great News For Driving License Seekers
پنجاب ٹریفک پولیس نے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال مزید بڑھا دیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کی نگرانی میں مختلف اصلاحات پر کام کیا گیا۔ ان اقدامات میں ڈرائیونگ لائسنس کے نظام کو ڈیجیٹل بنانا بھی شامل ہے۔ ڈی ایل آئی ایم ایس 2.0 کے ذریعے شہری اب کئی لائسنسنگ خدمات آن لائن حاصل کرسکتے ہیں۔
نئے نظام کے تحت شہری گھر بیٹھے لرنر ڈرائیونگ پرمٹ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید اور ڈپلیکیٹ لائسنس کے اجرا کی سہولت بھی آن لائن فراہم کی گئی ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن تجدید کی سہولت بھی متعارف کروائی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ان کے علاقوں میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے موبائل یونٹس بھی فعال کیے ہیں۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں 33 موبائل پولیس اور لائسنسنگ یونٹس کام کر رہے ہیں۔ ان یونٹس کے ذریعے شہریوں کو لائسنسنگ اور دیگر متعلقہ خدمات کے لیے دور دراز دفاتر کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
حکام کے مطابق ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ایکسیڈنٹ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ حادثات کی وجوہات کا سائنسی بنیادوں پر جائزہ لینے اور تحقیقات کے بعد ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان کوششوں کے نتیجے میں حادثات میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے کنجیشن اور انکروچمنٹ ڈیسک بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ اور تجاوزات سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس سے مختلف علاقوں میں سفر کا دورانیہ کم کرنے میں بھی مدد ملی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کے مطابق جدید نگرانی کے نظام سے ڈرائیونگ لائسنس کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو مزید بہتر بنایا گیا ہے۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو تیز اور آسان سہولیات فراہم کرنا ترجیح ہے۔
ٹریفک پولیس جدید ڈرائیونگ ٹیسٹ کے لیے اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس ڈرائیونگ ٹیسٹ کار متعارف کروانے کی بھی تیاری کر رہی ہے۔ یہ اقدام ڈرائیونگ ٹیسٹ کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان میں پہلی بار ایک ایپ کے ذریعے ایویڈنس بیسڈ چالاننگ کا نظام بھی متعارف کروانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ اس نظام کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی میں جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









