سورینج کوئلہ کان حادثہ : غفلت کے ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کمیٹی کی تشکیل

سورینج میں پیش آنے والے کوئلہ کان حادثے کی وجوہات اور ذمہ داران کا تعین کرنے کے لیے سیکریٹری مائنز اینڈ منرلز ڈویلپمنٹ نے 7 رکنی اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب سورینج کے مقام پر کوئلہ کان میں پیش آنے والے دلخراش حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
اس اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن اور اعلامیہ سیکریٹری مائنز اینڈ منرلز ڈویلپمنٹ بلوچستان کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری ٹیکنیکل محمد ابراہیم مینگل کو اس انکوائری کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے دیگر اہم اراکین میں چیف انسپکٹر آف مائنز انجینئر محمد عاطف سمیت محکمے کے دیگر سینئر اور تکنیکی افسران کو شامل کیا گیا ہے تاکہ حادثے کے تمام فنی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : حافظ نعیم الرحمان کا قومی ڈائیلاگ اور تمام سیاسی جماعتوں کی کانفرنس بلانے کا مطالبہ
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ کمیٹی سورینج میں 30 جولائی کو کوئلہ کان کے اندر رونما ہونے والے المناک حادثے کی اصلی وجوہات کا مکمل تعین کرے گی۔
اس کے علاوہ انکوائری کمیٹی حادثے کے تمام ذمہ داران، جن میں کان کے مالکان اور متعلقہ سرکاری حکام کی ممکنہ غفلت، لاپرواہی اور کوتاہی شامل ہے، کی بھی نشاندہی کرے گی۔
سیکریٹری مائنز اینڈ منرلز نے ہدایت کی ہے کہ انکوائری کمیٹی ہر صورت 7 دنوں کے اندر اپنی مکمل اور حتمی تحقیقاتی رپورٹ جمع کرائے تاکہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔
یاد رہے کہ سورینج کے مقام پر کوئلہ کان میں دھماکے اور بیٹھنے کے باعث 34 کان کن جاں بحق ہو گئے تھے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











