ملک بھر میں حضرت امام حسینؑ اور شہداء کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور شہداء کربلا کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے اور سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور ان کے جاں نثار ساتھیوں کا چہلم آج ملک بھر میں مکمل عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مجالسِ عزا برپا کی جا رہی ہیں اور شبیہِ علم، تابوت اور ذوالجناح کے عزاداری جلوس نکالے جا رہے ہیں، جہاں عزادار نوحہ خوانی اور ماتم داری کر رہے ہیں۔ جلوسوں کے روایتی راستوں پر زائرین کے لیے لنگر اور سبیلوں کے بھی خصوصی اہتمام کیے گئے ہیں۔
کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جہاں جلوس سے قبل معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی مجلس عزا سے خطاب کریں گے۔
سیکیورٹی کے پیش نظر نشتر پارک کی جانب جانے والے تمام راستوں اور جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہے اور متبادل راستے فراہم کیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اربعین حسینی : ایثار، خدمت اور عالمی اتحاد کا سب سے بڑا مرکز
لاہور میں مرکزی جلوس حویلی الف شاہ اندرون دہلی گیٹ سے برآمد ہو کر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا جبکہ اسلام آباد میں مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناعشری جی سکس میں اختتام پذیر ہو چکا ہے۔ پشاور کا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے برآمد ہوا ہے۔
ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سندھ کے مختلف اضلاع حیدرآباد، مٹیاری، دادو، سجاول، ٹنڈو اللہ یار، ٹھٹھہ اور جھرک میں دفعہ 144 نافذ کر کے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ کوئٹہ کے علاقوں قائد آباد، گوالمنڈی اور بروری میں موبائل فون سروس معطل رکھی گئی ہے۔
کوئٹہ میں مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینی سادات علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔ ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیاء الحق مندوخیل کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی کے لیے 1000 سے زائد پولیس اہلکار اور افسران تعینات کیے گئے ہیں۔
روٹ کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر کے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ اور اسنائپرز کی تعیناتی کے ذریعے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔
دوسری جانب لاہور میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز کی زیر قیادت عرس حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ اور چہلم کے انتظامات کی مانیٹرنگ جاری ہے اور تمام ٹیمیں 24 گھنٹے فیلڈ میں متحرک ہیں۔
عراق کے شہر کربلا میں بھی اس وقت 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد زائرین موجود ہیں، جو شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











