بدھ، 5-اگست،2026
بدھ 1448/02/22هـ (05-08-2026م)

شہری اب گھر بیٹھے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے؛ مکمل طریقہ جان لیں

05 اگست, 2026 10:13

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کے لیے پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے حصول کا طریقہ مزید آسان بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔

 نئے نظام کے تحت شہریوں کو سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے بار بار دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔ اب یہ سہولت آن لائن فراہم کرنے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جس سے گھر بیٹھے درخواست دینے اور سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا راستہ ہموار ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس بیورو کے دورے کے دوران ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں شہریوں کو پولیس سے متعلق خدمات آسان اور تیز فراہم کرنے کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ملک بھر میں یکساں پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ نظام کی منظوری بھی دی گئی۔

وزیر داخلہ کے مطابق پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ کے موجودہ پیچیدہ طریقہ کار کو آن لائن کیا جا رہا ہے۔ شہری نیشنل پولیس بیورو کے پورٹل کے ذریعے گھر سے درخواست دے سکیں گے۔ اس اقدام سے وقت کی بچت ہوگی اور سرٹیفکیٹ کے حصول کا عمل بھی زیادہ شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ محسن نقوی نے ملک بھر میں اس کے لیے یکساں طریقہ کار واضع کرنے کی ہدایت کی۔ اس کا مقصد مختلف صوبوں میں موجود طریقہ کار کی پیچیدگیوں کو کم کرنا اور شہریوں کو ایک آسان نظام فراہم کرنا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ نیشنل پولیس بیورو کو ایک فعال اور جدید ادارہ بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے بیورو کی عمارت کی تزئین و آرائش کے کام کا بھی جائزہ لیا۔ اس دوران ڈی جی نیشنل پولیس بیورو نے ادارے کی کارکردگی اور مختلف منصوبوں کے بارے میں وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس میں پولیس شہدا کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یومِ پولیس شہدا کے حوالے سے ملک و قوم کے لیے جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کی خدمات کو سراہا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ امن و امان کے قیام اور جرائم کے خاتمے میں پولیس شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے عوام کے تحفظ کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ حکومت اور پوری قوم شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ پولیس شہدا کی قربانیاں ملک کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں ہمیشہ عزت و احترام سے یاد کیا جائے گا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔