اسلام آباد ہائیکورٹ کا عدالتی افسران کے ٹرانسپورٹ الاؤنس میں بڑا اضافہ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی افسران اور ہائیکورٹ کے گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے افسران کے لیے ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن الاؤنس میں نمایاں اضافہ منظور کر لیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی ہدایت پر الاؤنس میں اضافے کی منظوری دی گئی، جس کے بعد رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے نظرثانی شدہ الاؤنس شیڈول جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن الاؤنس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے افسران پر ہوگا۔
نظرثانی شدہ شرحوں کے مطابق گریڈ 22 کے افسران کو ماہانہ 2 لاکھ 50 ہزار روپے، گریڈ 21 کے افسران کو ایک لاکھ 95 ہزار روپے ٹرانسپورٹ الاؤنس دیا جائے گا۔
اسی طرح گریڈ 20 کے افسران کے لیے 2 لاکھ 75 ہزار روپے، گریڈ 19 کے لیے ایک لاکھ 50 ہزار روپے، گریڈ 18 کے لیے ایک لاکھ روپے جبکہ گریڈ 17 کے افسران کے لیے 60 ہزار روپے ماہانہ الاؤنس مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ نظرثانی شدہ الاؤنس اسلام آباد ہائیکورٹ اور اسلام آباد ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے مالی سال 2026-27 کے مختص بجٹ سے ادا کیے جائیں گے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










