سیکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیاں؛ فتنہ الخوارج کے 10دہشت گرد ہلاک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اگست 2026 کو خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 10 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں کی گئی، جہاں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ایک گروہ نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی اس کوشش کو مؤثر انداز میں ناکام بنا دیا، جس کے بعد ہونے والی جھڑپ میں فورسز نے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان کے مطابق دوسری کارروائی ضلع دیر میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے مزید 2 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی اور دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
بیان کے مطابق علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظور شدہ وژن "عزم استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔