پیر، 24-اگست،2026
پیر 1448/03/11هـ (24-08-2026م)

ہنگو میں فورسز کے آپریشن میں 7 خارجی دہشتگرد جہنم واصل، بہادری سے لڑتے ہوئے کیپٹن حمزہ اکرم شہید

08 اگست, 2026 09:31

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے کیپٹن حمزہ اکرم شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ہنگو میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 7 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم نے بہادری سے مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید کیپٹن حمزہ اکرم کا تعلق ضلع نارووال سے تھا۔

کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھتے تھے اور سکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں پر متعدد دہشتگرد حملوں میں ملوث رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں 10 خارجی دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں خوارج نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی کوشش کی تھی جسے مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ دیر میں ایک اور کارروائی کے دوران مزید 2 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔