گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کا تیسرا روز، ملک کی انڈسٹریل سیکٹر میں بھونچال آگیا

ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال تیسرے روز میں داخل ہوگئی، جس کے باعث صنعتی شعبے میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو خط لکھ کر غیر معینہ مدت کی ہڑتال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال کے باعث ملک میں روئی کی نقل و حمل شدید متاثر ہوئی ہے، جبکہ ٹیکسٹائل ملوں کو خام مال کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سیزن کے اختتام پر ٹیکسٹائل انڈسٹری کے پاس روئی کا اسٹاک پہلے ہی محدود ہے۔ ہڑتال کے باعث ایکسپورٹ کنٹینرز، درآمد شدہ کاٹن کنٹینرز اور مقامی کپاس کی ترسیل کے لیے ٹرک دستیاب نہیں ہیں۔
خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر درآمد شدہ اور مقامی کپاس بروقت ٹیکسٹائل ملوں تک نہ پہنچ سکی تو پیداوار کا عمل متاثر ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں صنعت کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز کی طویل ہڑتال سے برآمدات، روزگار اور ملکی زرمبادلہ کی آمدن کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ کارگو کی نقل و حرکت میں مسلسل رکاوٹ صنعتی سرگرمیوں اور برآمدات کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے وفاقی حکومت ہڑتال کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔
ٹیکسٹائل صنعت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے مسائل کا فوری حل نکالا جائے تاکہ خام مال اور تیار مصنوعات کی ترسیل بحال ہوسکے اور صنعتی و برآمدی سرگرمیاں مزید متاثر ہونے سے بچائی جاسکیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











