جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال چوتھے روز میں داخل، احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کی دھمکی

11 اگست, 2026 12:57

کراچی: ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال چوتھے روز میں داخل ہوگئی، جبکہ آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر دو روز میں مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کردیا جائے گا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی اور سندھ حکومتیں ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نظر نہیں آتیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محض یقین دہانیوں کی بنیاد پر ہڑتال ختم نہیں کی جائے گی۔

ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز شوق سے ہڑتال نہیں کر رہے، بلکہ اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی وفاقی وزرا کے ساتھ مذاکرات ہوں گے اور مطالبات کی منظوری کے لیے اگر 6 ماہ بھی احتجاج جاری رکھنا پڑا تو ٹرانسپورٹرز پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

دوسری جانب ایڈیبل آئل ایسوسی ایشن نے بھی گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

ایسوسی ایشن کی جانب سے حمایت کے بعد ملک بھر میں خوردنی تیل کی ترسیل بھی متاثر ہونے لگی ہے، جس سے سپلائی چین پر مزید دباؤ بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ہڑتال کے باعث ملکی کاروباری سرگرمیاں اور مال برداری کا نظام شدید متاثر ہو رہا ہے۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق احتجاج کی وجہ سے کروڑوں نہیں بلکہ اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

ٹرانسپورٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور صرف مذاکرات یا یقین دہانیوں کے بجائے مطالبات پر واضح فیصلہ کیا جائے۔

حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان آج ہونے والے مذاکرات کو موجودہ صورتحال میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اگر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ مزید بڑھنے اور مختلف شعبوں میں اشیائے ضروریہ کی ترسیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔