شادی کے بعد نادرا میں ازدواجی حیثیت تبدیل کروانے کا آسان طریقہ

NADRA Kiosk: Renew CNIC Easily Now
اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو شادی کے بعد اپنی ازدواجی حیثیت اپ ڈیٹ کرانے کا آسان طریقہ بتا دیا ہے، جس کے تحت یہ عمل نادرا رجسٹریشن سینٹر جانے کے علاوہ آن لائن بھی مکمل کیا جاسکتا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق شادی کے بعد ازدواجی حیثیت تبدیل کرانے کے لیے شہریوں کو سب سے پہلے متعلقہ یونین کونسل، کنٹونمنٹ بورڈ یا میونسپل کمیٹی سے شادی کا کمپیوٹرائزڈ سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔
اس کے بعد شہری شادی کے سرٹیفکیٹ پر درج سی آر ایم ایس (CRMS) نمبر کے ہمراہ قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر کا رخ کرسکتے ہیں، جہاں ضروری کارروائی مکمل کرکے ریکارڈ میں ازدواجی حیثیت اپ ڈیٹ کرائی جاسکتی ہے۔
گھر بیٹھے بھی ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنے کی سہولت
نادرا نے شہریوں کے لیے آن لائن سہولت بھی فراہم کر رکھی ہے۔ شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی ازدواجی حیثیت اپ ڈیٹ کروا سکتے ہیں، جس سے نادرا سینٹر جانے کی ضرورت کم ہوجاتی ہے۔
ازدواجی حیثیت کا درست اندراج شہریوں کے شناختی ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھنے کے لیے اہم ہے، کیونکہ نادرا کا ریکارڈ مختلف سرکاری اور شناختی خدمات کے دوران استعمال ہوتا ہے۔

جعلی ٹریکنگ آئی ڈیز سے محتاط رہنے کی ہدایت
دوسری جانب نادرا نے شہریوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی ٹریکنگ آئی ڈیز اور گمراہ کن معلومات سے بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
نادرا ترجمان کے مطابق شہریوں کی ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے سوشل میڈیا پر کمنٹس کے ذریعے ٹریکنگ آئی ڈی فراہم نہیں کی جائے گی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نادرا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کمنٹس میں اپنی ٹریکنگ آئی ڈی ہرگز شیئر نہ کریں۔
نادرا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ کسی بھی معاملے میں صرف ادارے کے سرکاری ذرائع اور تصدیق شدہ پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔
نادرا سے رابطے کے سرکاری ذرائع
ٹریکنگ آئی ڈی یا کیس سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے شہری 8400 پر ایس ایم ایس کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ نادرا ہیلپ لائن 051-111-786-100 یا موبائل فون سے 1777 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
شہری شناختی ریکارڈ سے متعلق مختلف خدمات کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










