جمعہ، 28-اگست،2026
جمعہ 1448/03/15هـ (28-08-2026م)

11 اگست، پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن؛ اقلیتی برادری کی خدمات کو خراجِ تحسین

11 اگست, 2026 10:39

اسلام آباد: پاکستان بھر میں آج 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد ملک میں اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ، ان کی خدمات کے اعتراف اور قومی زندگی میں ان کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔

اقلیتوں کا قومی دن ہر سال 11 اگست کو منایا جاتا ہے۔ یہ دن بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی سے کی گئی تاریخی تقریر کی یاد دلاتا ہے، جس میں انہوں نے ریاست میں تمام شہریوں کے مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کے اصول پر زور دیا تھا۔

قائداعظم نے اپنی تاریخی تقریر میں واضح کیا تھا کہ ریاست میں کسی شہری کے ساتھ اس کے مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق ہر شہری کو برابر حقوق حاصل ہیں اور وہ اپنی عبادت اور مذہبی معاملات میں آزاد ہے۔

پاکستان کی اقلیتی برادریوں نے تحریک پاکستان کے دوران بھی اہم کردار ادا کیا اور قیام پاکستان کے بعد ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالتی رہی ہیں۔

تعلیم، صحت، تجارت، صنعت، فنون، کھیل اور دیگر شعبوں سمیت قومی زندگی کے مختلف میدانوں میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

ملکی دفاع میں بھی اقلیتی برادری کے افراد نے اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی مسلح افواج میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے اہلکار اور افسران ملک کے دفاع اور سلامتی کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں، جبکہ کئی افراد نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کیا۔

اقلیتوں کا قومی دن اس عزم کی تجدید کا موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ پاکستان میں تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور مذہب، زبان یا کسی بھی دوسرے امتیاز سے بالاتر ہو کر قومی ترقی کے عمل میں ہر فرد کو برابر مواقع فراہم کیے جائیں۔

یہ دن اس بات کی یاد دہانی بھی کراتا ہے کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام میں ہر شہری کا کردار اہم ہے۔ اقلیتی برادری کی خدمات اور قربانیاں قومی تاریخ کا حصہ ہیں اور انہیں تسلیم کرنا معاشرے میں اتحاد، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔

11 اگست درحقیقت تجدید عہد کا دن ہے کہ پاکستان کی تمام برادریاں باہمی اتحاد اور ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔