ہفتہ، 15-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پانچویں روز میں داخل، ملک میں صنعتی ترقی کا پہیہ جام ہوگیا

12 اگست, 2026 14:10

گڈز ٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتال پانچویں روز میں داخل ہوگئی ہے، جس کے باعث صنعتی اور تجارتی سرگرمیاں شدید متاثر ہونے لگی ہیں۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کے باوجود ڈیڈ لاک برقرار ہے۔

گڈز ٹرانسپورٹرز نے تحریری معاہدہ ہونے تک ہڑتال ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث ملک بھر میں مال برداری کا نظام متاثر ہے اور مختلف صنعتوں کو خام مال کی ترسیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کنٹینرز کی نقل و حمل رکنے کے باعث بندرگاہوں پر کنٹینرز کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، جبکہ درآمدی و برآمدی سامان کی ترسیل بھی متاثر ہورہی ہے۔ صنعتی حلقوں کی جانب سے ٹرانسپورٹرز سے ہڑتال ختم کرنے کی اپیلیں بھی تاحال مؤثر ثابت نہیں ہوسکیں۔

ٹیکسٹائل صنعت اور کراچی چیمبر سمیت مختلف کاروباری حلقوں نے ہڑتال کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مال برداری بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔

کاروباری برادری کے مطابق طویل ہڑتال سے صنعتوں کی پیداوار، سپلائی چین اور برآمدی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

گڈز ٹرانسپورٹ کی بندش سے اشیائے خورونوش، اجناس اور سبزیوں کی ترسیل بھی متاثر ہوئی ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں سبزی منڈیوں تک سپلائی متاثر ہونے کے باعث بعض اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

ہڑتال کے باعث روزانہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں افراد بھی مشکلات کا شکار ہیں، کیونکہ مال برداری اور اس سے منسلک سرگرمیاں رکنے سے ان کی روزانہ آمدنی متاثر ہورہی ہے۔

کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ٹرانسپورٹرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات کے ذریعے فوری حل نہ نکالا گیا تو ہڑتال کا دورانیہ بڑھنے سے معیشت اور سپلائی چین پر مزید دباؤ پڑ سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔