پاکستان تمام چیلنجز کے باوجود امن کے قیام کیلئے کوشاں ہے، ترجمان دفتر خارجہ

ایران کے مسئلے کا پر امن حل چاہتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ 7 اگست کو ہونے والا مکہ سمٹ انتہائی اہمیت کا حامل تھا، جبکہ مکہ معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعلقات میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مکہ معاہدہ خالصتاً دفاعی نوعیت کا حامل ہے اور تینوں برادر ممالک کے درمیان باہمی تعاون کے ساتھ علاقائی امن و استحکام کے عزم کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیاسی مشاورت اور تجارتی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، جبکہ دونوں ممالک نے شعبہ تعلیم میں تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تنازع کے حل اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی مخلصانہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
باب المندب میں ایک تجارتی جہاز پر حوثیوں کے حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان تجارتی جہاز پر حملے کی مذمت کرتا ہے۔
ان کے مطابق بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان بین الاقوامی پانیوں میں آزادانہ جہازرانی کے اصول کی حمایت کرتا ہے۔
آزاد کشمیر کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان آزاد کشمیر کے عوام کے مکمل حقوق پر یقین رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام چیلنجز کے باوجود پاکستان خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایک ہی روز سعودی عرب، ایران اور کویت کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جبکہ 11 اگست کو بحرین کے وزیر خارجہ سے بھی رابطہ ہوا۔
ان کے مطابق بحرینی وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو مکہ معاہدے پر مبارکباد دی۔ اس سے قبل 9 اگست کو بھی اسحاق ڈار نے کینیڈا اور سینیگال کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی۔
پاکستان کی مالیاتی شفافیت سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ملک بین الاقوامی مالیاتی شفافیت کے معیارات پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے کامیابی سے آئی ایم ایف کے تین جائزہ پروگرام مکمل کیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد معیشت میں اصلاحات اور شفافیت کو فروغ دینا ہے، جبکہ حکومت معاشی استحکام اور مالیاتی نظم و ضبط کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










