ہفتہ، 15-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/02هـ (15-08-2026م)

ایف بی آر کی نئی ٹیکس اسکیم، بروقت گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کیلئے خصوصی مراعات

13 اگست, 2026 10:35

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تاجروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم متعارف کرانے اور انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو مزید سہل بنانے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ نئے اور سادہ انکم ٹیکس فارم بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کرانے میں کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 14 اگست کو تاجروں کے لیے نئی ٹیکس اسکیم اور آسان انکم ٹیکس فارم کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ نئے فارم کو سابقہ فارم کے مقابلے میں مختصر اور آسان رکھنے کی تجویز ہے۔

30 ستمبر تک گوشوارے جمع کرانے والوں کیلئے خصوصی سہولت

ذرائع کے مطابق 30 ستمبر تک انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو خصوصی مراعات فراہم کی جائیں گی۔ اسکیم کے تحت دکان کے باہر ایف بی آر کی رجسٹریشن پلیٹ لگانا ضروری ہوگا، تاہم مقررہ تاریخ تک گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کو تقریباً 25 ہزار روپے مالیت کی رجسٹریشن پلیٹ بطور تحفہ فراہم کی جائے گی۔

بروقت گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں سے رجسٹریشن فیس بھی وصول نہ کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ ٹیکس ریٹرن بروقت جمع کرانے والوں کے لیے مزید تحائف اور مراعات دینے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

تاخیر سے گوشوارے جمع کرانے والوں پر اضافی بوجھ

30 ستمبر کی مقررہ مدت گزرنے کے بعد گوشوارے جمع کرانے والے تاجروں کے لیے اضافی مالی بوجھ تجویز کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ایسے تاجروں سے 25 ہزار روپے رجسٹریشن فیس کے علاوہ مزید 25 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا جائے گا۔

تاہم ان فیسوں اور جرمانوں کی حتمی شرائط ایف بی آر کی جانب سے باضابطہ اسکیم اور نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد واضح ہوں گی۔

کاروباری اور انفرادی ٹیکس دہندگان کیلئے الگ فارم

ایف بی آر نے نئے انکم ٹیکس فارم کو بھی آسان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کاروباری افراد اور انفرادی ٹیکس دہندگان کے لیے الگ الگ فارم متعارف کرائے جائیں گے، جبکہ انفرادی ٹیکس دہندگان کے فارم کو مزید مختصر اور سادہ رکھنے کی تجویز ہے۔

نئے فارم 14 اگست کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق گوشوارہ جمع کرانے کے بعد کسی غلطی کی صورت میں تاجروں کو 48 گھنٹے کے اندر تصحیح کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

نئی اسکیم کا بنیادی مقصد تاجروں کو ٹیکس نظام میں شامل ہونے کی ترغیب دینا، گوشوارے جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانا اور ٹیکس وصولی کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔