نادرا سیلف سروس کیاسک متعارف، شناختی کارڈ سے متعلق خدمات کا حصول آسان ہوگیا

Great news has arrived for those getting national identification cards made
اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے سیلف سروس کیاسک متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے شناختی کارڈ سے متعلق بنیادی خدمات کے حصول کو مزید آسان اور تیز بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
نئی سہولت کے باعث شہریوں کو معمولی نوعیت کے کاموں کے لیے نادرا مراکز میں طویل قطاروں میں کھڑے ہونے اور کاؤنٹر پر اپنی باری کا انتظار کرنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔
ظاہری طور پر اے ٹی ایم جیسی دکھائی دینے والی یہ مشین شناختی کارڈ سے متعلق متعدد بنیادی خدمات فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ نادرا کے مطابق شہری سیلف سروس کیاسک کے ذریعے شناختی کارڈ کے اجرا، تجدید اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت بعض خدمات کے لیے خود کارروائی مکمل کرسکیں گے۔
سیلف سروس کیاسک کیسے کام کرے گا؟
کیاسک کا استعمال نسبتاً آسان رکھا گیا ہے۔ شہری پہلے مشین کے ذریعے اپنی شناخت کی تصدیق کریں گے، جس کے بعد اسکرین پر دستیاب خدمات میں سے مطلوبہ سروس کا انتخاب کیا جاسکے گا۔
مشین ہر مرحلے پر شہری کی رہنمائی کرے گی اور مطلوبہ کارروائی مکمل کرنے کے لیے مرحلہ وار ہدایات فراہم کرے گی، جس سے کاؤنٹر پر عملے کی معاونت کی ضرورت بھی کم ہوسکتی ہے۔
نادرا کے مطابق سیلف سروس کیاسک متعارف کرانے کا بنیادی مقصد مراکز پر رش کم کرنا اور شہریوں کو بنیادی نوعیت کی خدمات کم وقت میں فراہم کرنا ہے۔ بالخصوص ایسے افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے جنہیں معمولی نوعیت کے کام کے لیے مکمل کاؤنٹر سروس درکار نہیں ہوتی۔
65 سے 70 فیصد شہریوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع
نادرا کے ترجمان سید شباحت علی کے مطابق اندازاً 65 سے 70 فیصد افراد خودکار مشینوں کے ذریعے رش سے بچتے ہوئے اپنا کام مکمل کرسکتے ہیں۔
خودکار خدمات کا دائرہ کار بڑھانے سے شہریوں کو شناختی دستاویزات سے متعلق معاملات میں وقت کی بچت کے ساتھ نادرا مراکز پر غیر ضروری رش سے بھی نجات ملنے کی توقع ہے۔
نادرا کی جانب سے سیلف سروس کیاسک سمیت خودکار سہولیات کے فروغ کو شہریوں کے لیے شناختی خدمات کو زیادہ تیز، آسان اور مؤثر بنانے کی جانب اہم قدم قرار دیا جارہا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











