جمعرات، 13-اگست،2026
جمعرات 1448/02/30هـ (13-08-2026م)

ناروے کے وزیر خارجہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، دفاعی و سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

13 اگست, 2026 15:43

راولپنڈی: ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی اور پاکستان و ناروے کے دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف معاملات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور باہمی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور امن و استحکام کے لیے تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔

دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔

ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور ناروے نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سکیورٹی کے شعبوں میں باہمی روابط اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ ملاقات پاکستان اور ناروے کے درمیان بڑھتے ہوئے سفارتی روابط کے تناظر میں اہم قرار دی جارہی ہے، جبکہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون میں اضافے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔