اسلام آباد: ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ اور کشیدگی کے دوران پاکستان کی قیادت کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے جرأت مندانہ اور تعمیری قرار دیا ہے۔
ناروے کے وزیر خارجہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے، جہاں وزارت خارجہ پہنچنے پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور عالمی معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ناروے کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان 78 سالہ شراکت داری موجود ہے اور ناروے کی کمپنیاں پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
امریکا ایران تنازع میں پاکستان کا کردار
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ناروے پرعزم ہے۔ انہوں نے امریکا ایران جنگ کے دوران پاکستان کی قیادت کے کردار کو قابل تعریف قرار دیا۔
ناروے کے وزیر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے امریکا ایران تنازع کے دوران ثالثی اور سفارتی کوششوں میں مشکل وقت میں جرأت مندانہ کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی کشیدگی عالمی امن اور معیشت کے لیے انتہائی خطرناک ہے، جبکہ پاکستان نے خطے اور عالمی امن کے لیے مثبت اور احسن کردار ادا کیا۔
ایسپن بارتھ ایڈ نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر بھی مضبوط روابط موجود ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان میں ناروے کی متعدد کمپنیاں کامیابی سے کاروبار کر رہی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے مزید مواقع موجود ہیں۔
پاک ناروے تعلقات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے۔ فریقین نے تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
مذاکرات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور ناروے کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ نے حالیہ ایران امریکا تنازع کے دوران پاکستان کے اہم اور تعمیری کردار کو خصوصی طور پر سراہا اور وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت اور سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔