براڈ پیک حادثہ: لاپتا پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش تلاش کرلی گئی

اسکردو: براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد لاپتا ہونے والے پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی کی لاش تلاش کرلی گئی ہے۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق سہیل سخی کی لاش شگر کے علاقے تسر سے تعلق رکھنے والے مقامی رضاکاروں نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کی۔ تلاش کے عمل میں محمد ندیم، محمد بشیر اور ابوذر سمیت دیگر رضاکاروں نے حصہ لیا۔
الپائن کلب نے بتایا کہ سہیل سخی کی لاش کو کیمپ ون سے بیس کیمپ منتقل کردیا گیا ہے۔ رضاکاروں نے زمان اور دیگر ساتھیوں کے ہمراہ لاش کو بحفاظت بیس کیمپ پہنچایا۔
کلب کے مطابق موسم کی صورتحال سازگار رہی تو سہیل سخی کی میت کو آج ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسکردو منتقل کیا جائے گا۔
الپائن کلب آف پاکستان نے سہیل سخی کے اہل خانہ اور پوری کوہ پیمائی برادری سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً 15 روز قبل براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں 10 کوہ پیما لاپتا ہوگئے تھے۔ اب تک 7 کوہ پیماؤں کی لاشیں مل چکی ہیں، جن میں 5 نیپالی کوہ پیما بھی شامل ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









