جمعہ، 14-اگست،2026
جمعہ 1448/03/01هـ (14-08-2026م)

وزیر داخلہ بلوچستان کے سکیورٹی اسکواڈ پر فائرنگ، متعدد اہلکار زخمی

14 اگست, 2026 15:41

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کے سکیورٹی اسکواڈ پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ واقعے میں سکیورٹی اسکواڈ کے 6 اہلکار زخمی ہوئے۔ حملے کے وقت وزیر داخلہ خود بھی اسکواڈ کے ساتھ موجود تھے۔ تاہم وہ اس واقعے میں محفوظ رہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مستونگ کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وزیر داخلہ ضیاء لانگو قلات سے کوئٹہ کی جانب روانہ ہو رہے تھے۔ راستے میں مسلح افراد نے ان کے سکیورٹی اسکواڈ کو نشانہ بنایا۔

حکام کے مطابق حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے بھی جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی اسکواڈ کے 6 اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں نے واقعے کی تفصیلات جمع کرنا شروع کر دی ہیں۔ حملہ کس گروہ یا افراد کی جانب سے کیا گیا، اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے حملے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ اس طرح کے واقعات سے ان کے حوصلے کم نہیں ہوں گے۔ وہ ایسے حملوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

ضیاء لانگو نے کہا کہ پاکستان زندہ باد تھا، زندہ باد ہے اور زندہ باد رہے گا۔ انہوں نے حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ ایسے واقعات انہیں اپنے فرائض سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔