نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری، 1 ارب روپے کا انوویشن پروگرام شروع، کامیاب منصوبے پر 5 لاکھ تک ملیں گے

Interest-Free Loans Announced for Businesses
پاکستانی نوجوانوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، حکومت نے ملک کے پہلے نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے، جس کے تحت کامیاب اور قابلِ عمل منصوبے پیش کرنے والے نوجوانوں کو 5 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا۔
وفاقی وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے شروع کیے گئے اس قومی پروگرام کا مقصد ملک کے توانائی کے بحران سے نمٹنے، جدید تحقیق کو فروغ دینے اور نوجوانوں کے تخلیقی آئیڈیاز کو عملی منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ تین برسوں کے دوران ایک ارب روپے سے زائد کی رقم کامیاب اور قابلِ عمل منصوبوں کے لیے مختص کی جائے گی۔
پروگرام کے تحت جدید اور مؤثر منصوبہ پیش کرنے والے ہر کامیاب نوجوان کو اس کے آئیڈیا کے لیے 5 لاکھ روپے تک معاوضہ دیا جائے گا، جبکہ حکومت کامیاب امیدواروں کو سرپرستی، رہنمائی اور مالی معاونت بھی فراہم کرے گی۔
نیشنل پاور سیکٹر انوویشن پروگرام کے تحت ایک مخصوص ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو “انوویشن حب” کے طور پر تیار کیا جائے گا۔
اس پلیٹ فارم کے ذریعے ملک بھر کے نوجوانوں، محققین، جامعات اور توانائی کے ماہرین کو ایک ہی جگہ اکٹھا کیا جائے گا تاکہ توانائی کے شعبے میں نئے آئیڈیاز، تحقیق اور ٹیکنالوجی کو فروغ دیا جاسکے۔
حکومت کے مطابق پروگرام کا بنیادی مقصد بہترین تحقیق اور تخلیقی نظریات کو محض کاغذی منصوبوں تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں عملی اور قابلِ عمل صنعتی منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے، تاکہ پاکستان کو توانائی کے شعبے میں درپیش چیلنجز کا پائیدار حل تلاش کیا جاسکے۔
وفاقی وزیر اویس لغاری کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ محض ایک عارضی اسکیم نہیں بلکہ مستقل قومی ادارہ جاتی نظام کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں پاکستان کے پاور سیکٹر کو روایتی طریقوں کے بجائے سخت محنت، جدید اختراع اور تخلیقی سوچ کی ضرورت ہے، اور یہ پروگرام نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









