جمعہ، 14-اگست،2026
جمعہ 1448/03/01هـ (14-08-2026م)

ملک بھر میں 79واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے

14 اگست, 2026 08:35

اسلام آباد: پاکستان بھر میں آج 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے، ملی یکجہتی اور حب الوطنی کے عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

دن کا آغاز مساجد میں نمازِ فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، جبکہ مختلف شہروں میں 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، ملتان اور حیدرآباد سمیت مختلف شہروں میں سڑکیں، بازار اور اہم شاہراہیں سبز ہلالی پرچموں سے سج گئیں، جبکہ شہریوں نے آتش بازی اور چراغاں کے ذریعے آزادی کی خوشیاں منائیں۔

لاہور میں جشنِ آزادی کی شاندار تقریبات

لاہور میں گریٹر اقبال پارک اور لبرٹی چوک سمیت مختلف مقامات پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ بڑی تعداد میں شہری اپنے اہلخانہ کے ہمراہ جشنِ آزادی کی تقریبات میں شریک ہوئے اور قومی پرچم لہرا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔

مختلف شہروں میں آتش بازی اور ریلیاں

حیدرآباد میں بھی رات 12 بجتے ہی مختلف علاقوں میں آتش بازی کی گئی، جبکہ شہری جشنِ آزادی منانے کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔

ملتان میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر چوک پر آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد جشنِ آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوئی۔

کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی تقریبات، پرچم کشائی اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

لاہور اور کوئٹہ میں 21 توپوں کی سلامی

یومِ آزادی کے آغاز پر لاہور میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ نمازِ فجر کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، امن، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

کوئٹہ کینٹ میں بھی دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جبکہ مساجد میں ملکی سلامتی اور استحکام کے لیے دعائیں کی گئیں۔

مسلح افواج کی قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل، نیول چیف اور ایئر چیف نے قوم کو 79ویں جشنِ آزادی کے موقع پر مبارکباد پیش کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج مادرِ وطن کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔ بانیانِ پاکستان کے وژن اور اصول قوم کو پاکستان کی نظریاتی بنیادوں اور قومی اقدار کی پاسداری کے لیے مسلسل رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج قوم کے ساتھ متحد ہو کر ملک میں امن، استحکام اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ثابت قدم رہیں گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔