جمعہ، 14-اگست،2026
جمعہ 1448/03/01هـ (14-08-2026م)

امریکی ناظم الامور اور روسی سفیر کی پاکستان کو یومِ آزادی پر مبارکباد

14 اگست, 2026 10:14

اسلام آباد: پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر اور روسی سفیر نے پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر اور امریکی سفارتی مشن کی جانب سے پاکستانی عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی گئی۔

اپنے پیغام میں امریکی سفارتخانے نے کہا کہ امریکا ان ابتدائی ممالک میں شامل تھا جنہوں نے پاکستان کے قیام کے بعد اسے تسلیم کیا۔

امریکی سفارتی مشن کے مطابق گزشتہ تقریباً 80 برسوں کے دوران پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات اور دوستی میں مختلف شعبوں میں پیش رفت ہوئی ہے۔

امریکی ناظم الامور نے پاکستانی عوام کے لیے امن، خوشی اور خوشحالی کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی پاکستان کے عوام کے لیے ایک اہم قومی دن ہے، جو ملک کی تاریخ، قومی اتحاد اور مستقبل کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔

روسی سفیر کی بھی پاکستانی قوم کو مبارکباد

دوسری جانب پاکستان میں روسی سفیر نے بھی 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی۔

روسی سفیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا قومی دن پاکستانی عوام کی جرأت، غیر متزلزل عزم اور مضبوط قومی جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روس اور پاکستان باہمی افہام و تفہیم کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور دونوں ممالک کے مفاد میں دوطرفہ شراکت داری کو مزید وسعت دی جائے گی۔

روسی سفیر کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں مزید پیش رفت خطے کے لیے بھی مثبت ثابت ہوسکتی ہے۔

یومِ آزادی کے موقع پر امریکا اور روس کی جانب سے مبارکباد کو پاکستان کے ساتھ دونوں ممالک کے سفارتی روابط اور دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔