منگل، 18-اگست،2026
منگل 1448/03/05هـ (18-08-2026م)

وزارت صحت کے ملازمین کے لیے ہیپاٹائٹس ٹیسٹ لازمی، ٹیسٹ نہ کرانے پر تنخواہ بند کرنے کا اعلان

18 اگست, 2026 13:20

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے وزارت صحت کے ملازمین کے لیے ہیپاٹائٹس ٹیسٹ لازمی قرار دینے کا اعلان کردیا ہے۔ جو ملازمین ٹیسٹ نہیں کروائیں گے، ان کی تنخواہ بند کردی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین کے ہیپاٹائٹس ٹیسٹ کے لیے بھی متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزراء سمیت تمام سرکاری ملازمین کے ہیپاٹائٹس ٹیسٹ لازمی قرار دینے کی کوشش کی جائے گی۔

مصطفیٰ کمال کے مطابق اسلام آباد میں ہیپاٹائٹس کی اسکریننگ کے لیے 17 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ نجی اسپتالوں کو ہیپاٹائٹس ٹیسٹنگ کٹس اور ضروری آلات فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہاں بھی شہریوں کی اسکریننگ کی جاسکے۔

وفاقی وزیر نے ہیپاٹائٹس سی کے پھیلاؤ کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک کروڑ سے زائد افراد اس وائرس سے متاثر ہیں۔

ان کے مطابق ہیپاٹائٹس ایک خطرناک بیماری ہے جو کئی مرتبہ دیر سے تشخیص ہوتی ہے اور علاج نہ ہونے کی صورت میں جگر کے سنگین مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ مفت اسکریننگ کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں اور بروقت اپنا ٹیسٹ کروائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیپاٹائٹس سی خون کے ذریعے منتقل ہوسکتا ہے، اس لیے بیماری کی بروقت تشخیص اور علاج انتہائی اہم ہے۔

پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث اسکریننگ اور بروقت تشخیص پر زور دیا جارہا ہے۔

وزارت صحت کی جانب سے سرکاری ملازمین کی لازمی اسکریننگ کا اقدام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جارہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔