پاکستانی نوجوانوں کے لیے 50 ہزار اسکالرشپ کارڈز کا اعلان، درخواست کی آخری تاریخ مقرر

لاہور: پاکستانی نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل اور تکنیکی مہارتوں کے فروغ کے تحت 50 ہزار اسکالرشپ کارڈز کا اعلان کردیا گیا ہے، جبکہ پروگرام میں درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 21 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔
اعلان کردہ پروگرام کے تحت ہنرمند پنجاب ایڈوانسڈ آئی ٹی اور تکنیکی ٹریننگ پروگرامز میں نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل اور ٹیکنیکل اسکلز سکھائی جائیں گی۔
پروگرام میں 15 سے 50 سال تک عمر کے ایسے تمام پاکستانی شہری درخواست دے سکتے ہیں جن کی کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک ہے۔
پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 50 ہزار اسکالرشپ کارڈز فراہم کیے جائیں گے۔ ان میں سے 25 ہزار کارڈز پنجاب جبکہ باقی 25 ہزار آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
اسکالرشپ کارڈ حاصل کرنے کے لیے امیدواروں کو فائنل ایویلیوایشن ٹیسٹ میں کم از کم 85 فیصد نمبر حاصل کرنا ہوں گے، جبکہ دیگر مقررہ شرائط پر پورا اترنا بھی ضروری ہوگا۔
اعلان کردہ میرٹ کے مطابق 85 فیصد نمبر حاصل کرنے والے امیدوار فیس ری ایمبرسمنٹ کے لیے اہل ہوسکتے ہیں۔ 86 سے 88 فیصد نمبر حاصل کرنے والوں کے لیے سولر پینل، 89 سے 91 فیصد پر کروم بک، 92 سے 94 فیصد پر لیپ ٹاپ جبکہ 95 فیصد یا اس سے زائد نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کے لیے ای بائیک کا اعلان کیا گیا ہے۔
تربیتی پروگرام میں 30 سے زائد شعبوں کے کورسز شامل کیے گئے ہیں، جن میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ویب ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، ای کامرس، سائبر سیکیورٹی، ڈیٹا سائنس، فری لانسنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، ایپ ڈویلپمنٹ اور یوٹیوب مونیٹائزیشن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ایمیزون ورچوئل اسسٹنٹ، شوپی فائی، دراز بزنس، ورڈپریس، ری ایکٹ، نوڈ جے ایس، MERN اسٹیک، پی ایچ پی لاراول، پائتھن پروگرامنگ، مشین لرننگ، SEO، گوگل ایڈز اور IELTS پریپریشن سمیت مختلف کورسز بھی پروگرام کا حصہ ہیں۔
ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، ڈیجیٹل ایمبرائیڈری اور پینیٹریشن ٹیسٹنگ جیسے جدید شعبوں میں بھی تربیت فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد نوجوانوں کو روزگار، فری لانسنگ اور آن لائن کاروبار کے لیے قابلِ استعمال مہارتیں فراہم کرنا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










