بدھ، 19-اگست،2026
بدھ 1448/03/06هـ (19-08-2026م)

نادرا سے شناختی کارڈ بروقت وصول نہ کیا تو کیا ہوگا؟ اہم ہدایت جاری

19 اگست, 2026 09:24

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو شناختی کارڈ بروقت وصول کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اہم پالیسی سے آگاہ کردیا۔

نادرا کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق شہری شناختی کارڈ کی درخواست جمع کروانے کے بعد مقررہ مدت مکمل ہونے پر اسے جلد از جلد وصول کرلیں۔

نادرا کے مطابق شناختی کارڈ کی ڈلیوری کی آخری تاریخ گزرنے کے تین ماہ بعد اگر شہری نے کارڈ وصول نہ کیا تو اسے تلف کردیا جاتا ہے۔

ایسی صورت میں شہری کو دوبارہ شناختی کارڈ بنوانے کے لیے نئی درخواست جمع کروانا ہوگی اور مقررہ فیس بھی ادا کرنا پڑے گی۔

نادرا نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شناختی کارڈ تیار ہونے کے بعد اسے مقررہ وقت میں ضرور وصول کریں تاکہ دوبارہ درخواست اور اضافی فیس کی ضرورت پیش نہ آئے۔

نادرا کے مطابق اگر کسی شہری کو نادرا سینٹر یا زونل بورڈ میں مطلوبہ دستاویزات کے حوالے سے ابہام ہو یا عملے کی ہدایات سمجھ نہ آرہی ہوں تو وہ متعلقہ افسر سے تحریری ہدایات طلب کرسکتا ہے۔

پالیسی کے تحت شہریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ سروس کے حصول کے لیے درکار دستاویزات کے بارے میں تحریری طور پر معلومات حاصل کریں۔

اگر متعلقہ افسر کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات کے حوالے سے تحریری ہدایات فراہم نہ کی جائیں تو شہری نادرا کسٹمر سروسز میں شکایت درج کراسکتے ہیں۔

شکایات کے لیے نادرا کے شکایتی پورٹل nccms.nadra.gov.pk اور ای میل csd@nadra.gov.pk پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔