پاسپورٹ آفس میں شہریوں کو تیز رفتار خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، محسن نقوی

Big good news for businesspeople applying for passports
پاسپورٹ بنوانے اور وصول کرنے کے لیے آنے والے شہریوں کو طویل انتظار اور مبینہ بدانتظامی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا کی موجودگی کی شکایات بھی سامنے آگئیں۔
شہریوں نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ صبح سے پاسپورٹ آفس میں موجود ہیں، کئی کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ان کی باری نہیں آرہی۔
ایک شہری نے شکایت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ صبح سے موجود ہیں اور چار گھنٹے گزرنے کے باوجود ابھی تک ان کی باری نہیں آئی۔
ایک اور شہری نے الزام عائد کیا کہ پاسپورٹ کا کام جلد کرانے کے لیے باہر موجود ایجنٹ کو 5,500 روپے دیے، جبکہ ایجنٹس مبینہ طور پر سرعام جلد کام کروانے کے عوض رقم کا مطالبہ کرتے ہیں۔
ایک بزرگ شہری نے شکایت کی کہ اسے آج پاسپورٹ ملنا تھا، تاہم عملے کی جانب سے بتایا گیا کہ پاسپورٹ ابھی پرنٹ نہیں ہوا۔
شہریوں کے مطابق پاسپورٹ آفس میں متعدد کاؤنٹرز خالی پڑے تھے اور بعض مقامات پر عملہ بھی موجود نہیں تھا، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محسن نقوی کا شدید برہمی کا اظہار
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس کی صورتحال کا جائزہ لیا اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاسپورٹ آفس کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اسلم کو مبینہ بدنظمی اور فرائض میں غفلت پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔
پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا کی موجودگی پر بھی وفاقی وزیر داخلہ نے سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایف آئی اے لاہور کو بھی عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔
محسن نقوی نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاسپورٹ آفس کی صورتحال پر ذاتی طور پر معذرت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ "یہ صورتحال انتہائی افسوسناک ہے” اور شہریوں کے ساتھ اس طرح کا سلوک ناقابل برداشت ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاسپورٹ آفس میں شہریوں کو تیز رفتار خدمات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور کوتاہی یا غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف بلاامتیاز تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری اور فرض ہے، اس لیے پاسپورٹ آفس میں عوام کو درپیش مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










