لوڈشیڈنگ کا نظام تبدیل، بجلی صارفین کیلئے بڑی خبر آگئی

Appeal to Turn Off Electricity Nationwide for 1 Hour on March 28; But Why?
پشاور: بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے لیے لوڈشیڈنگ کے موجودہ نظام میں تبدیلی کی ہدایت کردی گئی ہے۔ اب فیڈر کے بجائے ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈشیڈنگ کرنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ باقاعدگی سے بجلی کے بل ادا کرنے والے صارفین غیر ضروری لوڈشیڈنگ سے متاثر نہ ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں بجلی چوری کے خاتمے، واجبات کی وصولی اور لوڈشیڈنگ کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز، پیسکو کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ایکس ای اینز نے شرکت کی۔
کمشنر پشاور نے پیسکو حکام کو ہدایت کی کہ فیڈر کی بجائے ٹرانسفارمر کی سطح پر لوڈشیڈنگ کا نظام نافذ کیا جائے۔
اس اقدام کا مقصد ایسے صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے جو باقاعدگی سے اپنے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، تاکہ بجلی چوری یا زیادہ واجبات والے علاقوں کی وجہ سے انہیں بھی طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں بجلی چوری کرنے والوں اور بڑے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
حکام کے مطابق کارروائی منگل سے شروع کی جائے گی، جس کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔ ان ٹیموں میں پیسکو، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران شامل ہوں گے۔
کمشنر پشاور نے بجلی کے بقایا جات کی فوری وصولی اور نئے میٹرز کی تنصیب کا عمل تیز کرنے کی بھی ہدایت کردی۔
اجلاس میں بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لیے پیسکو اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان رابطہ مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
کمشنر ریاض خان محسود نے ریکوری اور میٹرنگ سے متعلق ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ بھی طلب کرلی۔
کمشنر پشاور نے واضح کیا کہ بجلی چوری کے خلاف کارروائی کسی مخصوص فرد یا علاقے کے خلاف نہیں بلکہ قانون کی بالادستی، بجلی چوری کے خاتمے اور باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کی جارہی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












