جمعرات، 20-اگست،2026
جمعرات 1448/03/07هـ (20-08-2026م)

نادرا سینٹرز سے پاسپورٹ کی سہولت دینے کی تجویز زیر غور

20 اگست, 2026 17:36

شہریوں کے لیے پاسپورٹ بنوانے کا عمل آسان بنانے کی جانب اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

 نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر بھی پاسپورٹ سے متعلق سہولیات فراہم کرنے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ایک ہی جگہ پر زیادہ سہولت دینا اور پاسپورٹ کے عمل کو تیز بنانا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس چوہدری محمد علی رندھاوا کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نادرا اور پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ حکام نے پاسپورٹ سروسز کو جدید بنانے اور موجودہ نظام کو مزید بہتر کرنے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں نادرا کے شناختی کارڈ ڈیٹا اور پاسپورٹ کے ریکارڈ کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط بنانے پر بھی بات ہوئی۔ اس مقصد کے لیے تکنیکی نظام میں بہتری اور دونوں اداروں کے درمیان معلومات کے محفوظ تبادلے کی تجاویز زیر غور آئیں۔

حکام نے قومی ڈیٹا بیس تک محدود اور محفوظ رسائی کے معاملے کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے ساتھ نادرا کے ایونٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے معلومات کے ریئل ٹائم تبادلے اور ڈیٹا کو ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے امکانات پر بھی پیش رفت دیکھی گئی۔

اجلاس میں عوامی سہولت کو خاص اہمیت دی گئی۔ اسی سلسلے میں نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر پاسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز زیر غور آئی۔ ابتدائی طور پر منتخب نادرا رجسٹریشن سینٹرز میں پاسپورٹ درخواستیں وصول کرنے اور ان کی پراسیسنگ کے لیے مخصوص نظام قائم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو شہریوں کو پاسپورٹ کے لیے مختلف دفاتر کے چکر کم لگانے پڑ سکتے ہیں۔ منتخب نادرا مراکز پر درخواست جمع کروانے کی سہولت سے خاص طور پر ان افراد کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے جو پاسپورٹ کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں سے سفر کرتے ہیں۔

اجلاس میں پاسپورٹ سروسز کو ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ اور مربوط سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک جامع فریم ورک تیار کیا جانا چاہیے۔

نادرا اور امیگریشن اینڈ پاسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے درمیان تعاون بڑھانے کو بھی اہم قرار دیا گیا۔ دونوں اداروں کے درمیان ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال سے پاسپورٹ کے عمل میں شفافیت اور کارکردگی بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔