جمعرات، 20-اگست،2026
جمعرات 1448/03/07هـ (20-08-2026م)

سندھ حکومت کا پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کا حکم

20 اگست, 2026 20:24

ڈیزل کی قیمت میں نمایاں کمی کے بعد سندھ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کی ہدایت کردی ہے۔

 محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے صوبے بھر کے ٹرانسپورٹرز کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیزل سستا ہونے کا فائدہ براہ راست مسافروں تک پہنچایا جائے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی ہوئی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اس کمی کا اثر عام شہریوں کے سفری اخراجات پر بھی نظر آئے۔ اسی لیے بسوں، منی بسوں، کوچز، وینز اور دیگر پبلک سروس گاڑیوں کے کرایوں میں فوری کمی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام نے ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی ہے کہ نئے کرایوں کی فہرست نمایاں مقامات پر آویزاں کی جائے۔ بس اڈوں اور گاڑیوں میں بھی مسافروں کو نئے کرایوں سے آگاہ کیا جائے۔ اس اقدام کا مقصد مسافروں سے پرانے کرایے کی وصولی روکنا ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں کمی پر عملدرآمد کی نگرانی کے لیے روڈ چیکنگ بھی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ متعلقہ افسران روزانہ کی بنیاد پر گاڑیوں کی جانچ کریں گے۔ زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

حکام کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ روٹ پرمٹ معطل کرنے اور فٹنس سرٹیفکیٹ منسوخ کرنے جیسی کارروائی بھی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ کارروائی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ سندھ نے متعلقہ حکام سے روزانہ کی بنیاد پر عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔ اس رپورٹ میں بتایا جائے گا کہ مختلف علاقوں میں نئے کرایوں پر کتنا عمل ہوا اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔

حکومت کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے کرایوں میں کمی خاص اہمیت رکھتی ہے، کیونکہ روزانہ سفر کرنے والے افراد کے ماہانہ اخراجات میں سفری کرایہ ایک بڑا حصہ ہوتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔