جمعرات، 20-اگست،2026
جمعرات 1448/03/07هـ (20-08-2026م)

پنجاب کا ہر محکمہ ڈیجیٹلائزڈ ہوچکا ہے، جس سے اربوں روپے کی بچت ہوئی، وزیراعلیٰ مریم نواز

20 اگست, 2026 15:17

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام محکمے آئی ٹی پر منتقل ہو چکے ہیں اور ڈیجیٹل سسٹم کی بدولت اربوں روپے کی بچت ممکن ہوئی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج کی دنیا میں آئی ٹی کے بغیر کوئی بھی کام ممکن نہیں ہے اور پنجاب کے نوجوانوں کے اندر صلاحیتوں کا بے پناہ سمندر موجود ہے، جسے نکھارنے کے لیے حکومت مواقع دے رہی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ صوبے کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ وہ خود ڈیجیٹل ڈش بورڈ کی مدد سے صوبے کے تمام سرکاری محکموں کی براہ راست مانیٹرنگ کرتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب کے تمام اسکولوں میں ہاکی سامان اور کٹس فراہم کرنے کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کا ہر محکمہ اب ٹیکنالوجی پر شفٹ ہو چکا ہے اور محکموں کے درمیان بہترین ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ پنجاب میں ہر گھر کا ڈیجیٹل اندراج کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے گزشتہ سال 30 لاکھ خاندانوں کو رمضان پیکیج کی شفاف منتقلی ممکن ہوئی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ اس جدید ڈیجیٹل نظام کی بدولت حکومت کو اربوں روپے کی بچت ہوئی ہے، اور اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ غریب کا حق کسی امیر کو بلکل نہ ملے۔ غریب کی مدد کرنا حکومت کا فرض ہے کوئی احسان نہیں۔

انہوں نے شہروں کے انتظامی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گجرات سمیت متعدد شہروں میں جہاں پہلے بارش کا پانی 2، 2 ہفتے کھڑا رہتا تھا، وہاں اب ریکارڈ چند گھنٹوں میں پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایک ایسی سابقہ حکومت بھی گزر چکی ہے، جو عوامی مسائل سے مکمل طور پر غافل تھی۔ مری میں برف باری کے دوران ہلاکتیں ہوتی رہیں لیکن وہ حکومت سوتی رہی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تمام کام میرٹ پر ہو رہے ہیں، پولیس کا نظام بدل دیا گیا ہے اور اسپتالوں میں سالانہ اربوں روپے کی دوائیں مفت دی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پنجاب کی وزیراعلیٰ ہیں اور صرف اپنے صوبے کے کاموں کی بات کریں گی، باقی صوبوں کا تو کوئی حال ہی نہیں ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔