جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

پنجاب میں پرانی اور ناکارہ گاڑیوں کے خلاف بڑا فیصلہ، سکریپ کرنے کا نیا قانون نافذ

21 اگست, 2026 10:14

پنجاب حکومت نے صوبے میں پرانی، ناکارہ اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بڑا اقدام کرتے ہوئے انہیں سکریپ کرنے کے لیے نئے قانونی نظام کی منظوری دے دی ہے۔

گورنر پنجاب نے موٹر وہیکلز آرڈیننس میں تیسری بڑی ترمیم کی منظوری دے دی، جس کے بعد نیا قانون فوری طور پر نافذ ہوگیا ہے۔ نئے قانون کے تحت مخصوص شرائط پوری کرنے والی ناکارہ گاڑیوں کو سکریپ کیا جاسکے گا۔

آرڈیننس کے مطابق جن گاڑیوں کی رجسٹریشن ختم یا منسوخ ہوچکی ہو، انہیں ناکارہ گاڑیوں میں شمار کیا جائے گا۔ اسی طرح وہ گاڑیاں بھی سکریپنگ کے دائرے میں آسکتی ہیں جو فٹنس یا دھوئیں کا لازمی سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کرتیں۔

حادثے، آتشزدگی یا کسی قدرتی آفت کے نتیجے میں مکمل یا شدید طور پر تباہ ہونے والی گاڑی کو بھی ناکارہ قرار دے کر سکریپ کیا جاسکے گا۔

نئے قانون کے تحت گاڑی کا مالک خود بھی اپنی ناکارہ گاڑی سکریپ کروانے کے لیے متعلقہ مرکز میں جمع کراسکے گا۔

حکومت کی جانب سے ناکارہ گاڑیوں کی تلفی کے لیے باقاعدہ سکریپنگ مراکز قائم کیے جائیں گے۔ ان مراکز میں سرکاری اور نجی شعبے کی سہولیات بھی شامل ہوں گی۔

سکریپنگ کے دوران گاڑی کے قابل استعمال پرزے الگ کیے جاسکیں گے، جبکہ باقی حصوں کو ری سائیکل کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔ اس طرح گاڑیوں کے قابل استعمال سامان کو دوبارہ استعمال میں لانے کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

نئے نظام کے تحت پنجاب میں ایسی پرانی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا راستہ بھی ہموار کیا گیا ہے جو زیادہ دھواں چھوڑ کر فضائی آلودگی میں اضافہ کرتی ہیں۔

آرڈیننس کے مطابق حکومت پنجاب ناکارہ گاڑیوں کی سکریپنگ کے حوالے سے مزید قواعد و ضوابط بھی وضع کرے گی، جن کے تحت گاڑیوں کی شناخت، منتقلی اور تلفی کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔

رجسٹریشن منسوخ ہونے والی گاڑیوں کو نئے قانون کے تحت ’اینڈ آف لائف وہیکل‘ تصور کیا جائے گا، یعنی ایسی گاڑیاں جنہیں مزید سڑکوں پر چلانے کے بجائے سکریپنگ کے عمل سے گزارا جائے گا۔

پنجاب حکومت کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد سڑکوں پر موجود ناکارہ اور آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کی تعداد کم کرنا، دھوئیں سے پیدا ہونے والی آلودگی پر قابو پانا اور صوبے میں صاف ستھرا ماحول یقینی بنانا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔