جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

پنجاب حکومت کا پی ایم ایس امیدواروں کے لیے بڑا فیصلہ، عمر کی حد میں 2 سال رعایت

21 اگست, 2026 10:25

پنجاب حکومت نے صوبائی مینجمنٹ سروس (پی ایم ایس) کے امتحان میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لیے عمر کی بالائی حد میں دو سال کی خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد 32 سال تک کی عمر کے امیدوار بھی مخصوص مدت کے دوران امتحان میں حصہ لے سکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایم ایس امیدواروں کے لیے عمر کی حد میں یہ اضافی رعایت 2026 اور 2027 کے امتحانات کے لیے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے سیکرٹری ریگولیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق امیدوار دو سال کی خصوصی عمر کی رعایت صرف ایک مرتبہ حاصل کرسکے گا۔ یہ رعایت یکم جنوری 2026 سے 31 دسمبر 2027 تک مؤثر رہے گی۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ عمر میں خصوصی رعایت پی ایم ایس کی بی ایس 17 کی بھرتی کے لیے ہوگی۔ اس کا اطلاق پنجاب کی ہر سرکاری ملازمت پر نہیں ہوگا۔

اس فیصلے سے ایسے امیدواروں کو بھی مقابلے کے امتحان میں حصہ لینے کا موقع ملے گا جو مقررہ عمر کی بالائی حد عبور کرنے کے باعث پہلے اہل نہیں تھے۔ حکومت کے اس اقدام سے پی ایم ایس امیدواروں کو اضافی موقع اور ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

عمر میں دو سال کی رعایت صرف پی ایم ایس بی ایس 17 کی بھرتی کے لیے مخصوص ہے۔ امیدواروں کو دیگر سرکاری آسامیوں کے لیے عمر کی حد سے متعلق متعلقہ قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھنا ہوگا۔

دوسری جانب پنجاب میڈیکل فیکلٹی نے میڈیکل طلبہ کے امتحانی نظام میں بھی اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت دسمبر سے ہونے والے تمام سالانہ میڈیکل امتحانات کے پرچوں میں صرف کثیر الانتخابی سوالات شامل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق امتحانی پرچوں کی جانچ آپٹیکل مارک ریکگنیشن مشینوں کے ذریعے کی جائے گی۔ اس نظام کے تحت طلبہ کی جوابی شیٹس کی جانچ خودکار انداز میں کی جاسکے گی۔

نئے امتحانی نظام کا مقصد امتحانات کے عمل کو زیادہ شفاف، تیز اور مؤثر بنانا ہے۔ خودکار جانچ کے ذریعے نتائج کی تیاری میں لگنے والا وقت کم ہونے کی توقع ہے، جس سے نتائج جلد جاری کیے جاسکیں گے۔

حکام کے مطابق نئے طریقہ کار سے نتائج کے اعلان میں ہونے والی غیر ضروری تاخیر کو بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔