جمعہ، 21-اگست،2026
جمعہ 1448/03/08هـ (21-08-2026م)

سرکاری ملازمین کے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھی نگرانی، حکومت کا بڑا فیصلہ

21 اگست, 2026 09:54

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق سول سروس کنڈکٹ رولز کی خلاف ورزی پر کارروائی کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ اس سلسلے میں سرکاری افسران اور ملازمین کے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی بھی نگرانی شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے نئے سول سرونٹس کنڈکٹ رولز 2026 پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سرکاری افسران کے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی قواعد و ضوابط کے دائرے میں آگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف سرگرمیوں یا کسی مخالف بیانیے کی تشہیر میں ملوث سرکاری ملازمین کے خلاف قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ گمنام یا فرضی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے حکومت یا سرکاری اداروں کو بدنام کرنے والے ملازمین کے خلاف بھی کارروائی ہوسکتی ہے۔

حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کو سوشل میڈیا کے استعمال میں مزید احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ ذاتی اکاؤنٹس پر ایسی سرگرمیوں سے گریز کرنا ہوگا جو سرکاری ملازمت کے قواعد و ضوابط سے متصادم ہوں۔

ذرائع کے مطابق کوئی بھی سرکاری افسر اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو سرکاری کام یا عہدے کی تشہیر کے لیے استعمال نہیں کرسکے گا۔ اسی طرح سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو ذاتی تشہیر، ذاتی برانڈنگ یا نمائش کے لیے استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق نئے قواعد کا مقصد سرکاری ملازمین کے سوشل میڈیا استعمال کو ضابطے میں لانا، سرکاری اداروں کی ساکھ کا تحفظ کرنا اور سرکاری عہدے کے ذاتی استعمال کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔

یوں نئے سول سرونٹس کنڈکٹ رولز 2026 کے تحت سرکاری ملازمین کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق ذمہ داریاں مزید اہم ہوگئی ہیں، جبکہ قواعد کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ ملازم کو محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔