ہفتہ، 22-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/09هـ (22-08-2026م)

بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کا معاملہ؛ پی ٹی آئی نے حکومت کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی

22 اگست, 2026 13:16

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر حکومت کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان کو طبی معائنے کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی مبینہ طور پر خلاف ورزی کی گئی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے سلمان اکرم راجا اور عزیر بھنڈاری نے درخواست دائر کی، جس میں عدالت سے مبینہ حکم عدولی پر ذمہ دار افراد کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ مبینہ طور پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں اور ان کی ذاتی حاضری بھی یقینی بنائی جائے۔

پی ٹی آئی نے عدالت سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ جواب دہندگان کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

درخواست میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال اسلام آباد منتقل کرنے اور وہاں ان کا طبی معائنہ کرانے کی استدعا بھی کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی نے عدالتی حکم پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کسی عدالتی افسر کی تعیناتی یا لوکل کمیشن مقرر کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کے طبی معائنے کے لیے انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم حکومت نے انہیں پمز اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔

طبی معائنے کے بعد عمران خان کو دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔ اسی معاملے پر پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومتی اقدام سپریم کورٹ کے حکم سے مطابقت نہیں رکھتا، جس کے خلاف اب توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔