ہفتہ، 22-اگست،2026
ہفتہ 1448/03/09هـ (22-08-2026م)

عمران خان کے طبی معائنے میں شفا اسپتال کے دو ماہرین بھی شریک، پمز نے رپورٹ کی تفصیلات ظاہر کرنے سے انکار کردیا

22 اگست, 2026 08:59

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پمز اسپتال میں طبی معائنے کے حوالے سے اسپتال انتظامیہ نے وضاحتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے آنکھوں کے معائنے میں شفا انٹرنیشنل اسپتال کے دو ماہرین نے بھی حصہ لیا۔

پمز کے اعلامیے کے مطابق عمران خان کو 20 اور 21 اگست کی درمیانی شب طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں ان کا مختلف ماہرین نے طبی معائنہ کیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ امراضِ چشم کے معائنے کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال کے دو ماہرین نے خدمات انجام دیں، جبکہ دیگر طبی معائنے پمز کے متعلقہ ماہرین نے کیے۔

پمز انتظامیہ کے مطابق آنکھوں کے معائنے سے حاصل ہونے والی طبی رائے کو دیگر طبی تحقیقات کے نتائج کے ساتھ ملا کر دیکھا گیا۔

اس کے بعد پمز کے ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے عمران خان کی طبی فٹنس سے متعلق رپورٹ کو حتمی شکل دی۔

اسپتال انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عمران خان کی طبی رپورٹ کے خفیہ مندرجات عوام کے سامنے نہیں لائے جائیں گے۔

پمز کے مطابق مریض کی رازداری اور سپریم کورٹ کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے طبی رپورٹ کی تفصیلات ظاہر کرنا ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے چند روز قبل عمران خان کو طبی معائنے کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور مکمل طبی معائنہ کرانے کی ہدایت کی تھی۔

تاہم حکومت کی جانب سے انہیں پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ مکمل کیا۔

معائنے کے بعد عمران خان کو رات گئے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ طبی معائنے کے بعد عمران خان مکمل طور پر صحت مند ہیں۔

تاہم پمز انتظامیہ نے مریض کی رازداری اور عدالتی ہدایات کا حوالہ دیتے ہوئے طبی رپورٹ کے تفصیلی مندرجات جاری کرنے سے گریز کیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔