پیر، 24-اگست،2026
پیر 1448/03/11هـ (24-08-2026م)

پنشنرز کے لیے اہم خبر، پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے لیے بینک جانے کی ضرورت نہیں

24 اگست, 2026 08:59

نادرا نے پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ سے متعلق اہم وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سرٹیفکیٹ کے اجراء یا تصدیق کے لیے بینک سے رجوع کرنے کی ضرورت نہیں۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے مطابق پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کا عمل براہِ راست متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے منسلک ہے۔ اس معاملے میں بینک کا کوئی کردار نہیں۔

نادرا نے واضح کیا کہ پنشنرز اپنی درخواست موبائل ایپ کے ذریعے متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے کو براہِ راست بھیج سکتے ہیں، جبکہ سرٹیفکیٹ بھی اسی ادارے کو جمع کرایا جائے گا۔

پنشنرز بینک جانے سے گریز کریں

اتھارٹی کے مطابق پروف آف لائف سرٹیفکیٹ بنوانے، جمع کرانے یا اس کی معلومات اپ ڈیٹ کروانے کے لیے پنشنرز کو بینک جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

نادرا نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس عمل سے متعلق درست معلومات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے رابطہ کریں۔

پاک آئی ڈی ایپ میں سرٹیفکیٹ نظر نہ آئے تو کیا کریں؟

نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں اگر کسی پنشنر کا پروف آف لائف سرٹیفکیٹ یا متعلقہ ڈیٹا ظاہر نہیں ہو رہا تو اس صورت میں پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے رابطہ کرنا ہوگا۔

پنشنر ادارے سے معلوم کرسکتا ہے کہ نادرا کے پاس موجود رجسٹرڈ پنشنرز کے ریکارڈ میں اس کا اندراج کیوں موجود نہیں یا معلومات اپ ڈیٹ کیوں نہیں ہوئیں۔

نادرا سے رہنمائی کیسے حاصل کریں؟

نادرا کے مطابق شناخت سے متعلق معلومات اور مختلف خدمات کے لیے شہری ادارے کی سرکاری ویب سائٹ سے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

مزید معاونت کے لیے نادرا کی ہیلپ لائن 1777 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

نادرا نے پنشنرز کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر بینک جانے کے بجائے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ سے متعلق معاملے میں براہِ راست اپنے متعلقہ پنشن فراہم کرنے والے ادارے سے رابطہ کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔